تازہ ترین

استنبول مذاکرات میں پاکستان کا واضح مؤقف — افغان طالبان کو حتمی پیغام پہنچا دیا گیا

استنبول-مذاکرات-میں-پاکستان-کا-واضح-مؤقف-—-افغان-طالبان-کو-حتمی-پیغام-پہنچا-دیا-گیا

استنبول : پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری مذاکرات میں سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق پاکستانی وفد نے افغان طالبان سے سامنے اپنا حتمی مؤقف پیش کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق استنبول میں ہونے والی بات چیت میں پاکستانی وفد نے افغان طالبان کے وفد کو حتمی مؤقف پیش کرتے ہوئے واضح کردیا ہے افغان طالبان کی طرف سے کی جانے والی دہشت گردوں کی سر پرستی نامنظور ہے۔

پاکستانی وفد نے یہ بھی واضح کیا کہ سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور یقینی اقدامات کرنا پڑے تو ضرور کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی مؤقف کے برعکس افغان طالبان کے دلائل غیرمنطقی اور زمینی حقائق سے ہٹ کر ہیں، واضح نظر آرہا ہے کہ طالبان کسی اور ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ افغان طالبان کا یہ ایجنڈا خود ان کے ملک افغانستان، پاکستان اور خطے کے استحکام کے ہرگز مفاد میں نہیں ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں مزید پیشرفت افغان طالبان کے مثبت رویے پر منحصر ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے مطالبات مکمل واضح، شواہد پر مبنی اور مسئلے کا حقیقی حل ہیں، افغان طالبان کی ہٹ دھرمی اور عدم تعاون دیگر فریقین پر بھی واضح ہوگئی۔

گزشتہ روز استنبول میں پاکستان اور افغانستان میں برسر اقتدار طالبان رجیم کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں پاکستان نے طالبان کو دہشت گردی کی روک تھام کے لیے جامع پلان دیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں