وفاقی کابینہ نے قومی اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں 10فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی تجویز مسترد کر دی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10فیصد ایڈ ہاک ریلیف الاؤنس کی تجویز مسترد کر دی۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ تنخواہوں میں 10فیصد ایڈہاک ریلیف اکاؤنس میں اضافہ نہ کرنے وزیراعظم کی جانب سے بچت پروگرام کا حصہ ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس نے بھی بڑی بچت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری قومی اسمبلی نے پہلے ہی اس مد میں حکومت کو ایک ارب 54کروڑ روپے واپس کیا ہے۔ معیشت کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ مثال کے طور پر دیکھا جائے گا۔ گزشتہ روز وزارت پارلیمانی امور نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے سمری تیار کرکے منظوری کے لیے کابینہ کو بھجوائی تھی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ 14اگست 2021 کو ایف بی آر کے ڈیٹا سائبر حملے کے پیش نظر حکام کی جانب سے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004 کے تحت آپریشنل ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا تاکہ ڈیٹا سینٹر کے لیے تمام تر ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جا سکیں اور ڈیٹا سینٹر کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ کابینہ نے ان اقدامات کی توثیق کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ 14اگست 2021 کو ایف بی آر کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی جس کی انکوائری مکمل ہوگئی ہے۔ انکوائری میں معلوم ہوا کہ ایف بی آر کا زیادہ تر ڈیٹا محفوظ رہا اور ہیکرز اپنے اہداف تک نہیں پہنچ سکے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایف بی آر نے مختلف اقدامات کرتے ہوئے پروفیشنل کمپنی کو ہائر کیا جو کہ اب ڈیٹا پروٹیکشن کو یقینی بنا رہی ہے۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بتایا ہے کہ پاکستان کی ویب سائٹس پر اس سال تقریباً 10لاکھ سائبر حملے ہوچکے ہیں جن کو ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک جامع فریم ورک سائبر سیکیورٹی کا موجود ہے جسے مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں انصاف کے نظام کو بہتر کرنا وزیراعظم کا وژن ہے اور اس کے لیے کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9ستمبر کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ کابینہ کو اسپیکٹرم کی فروخت سے متعلق آگاہی دی گئی جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سمیت ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق بریفنگ دی گئی۔