تازہ ترین

ارشد شریف قتل از خود نوٹس؛ حکومت کوقتل کا مقدمہ آج ہی درج کرنے کا حکم

ارشد-شریف-قتل-از-خود-نوٹس؛-حکومت-کوقتل-کا-مقدمہ-آج-ہی-درج-کرنے-کا-حکم

سپریم کورٹ نے حکومت کوارشد شریف کے قتل کا مقدمہ آج ہی درج کرنے کا حکم دے دیا۔ چيف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ ارشد شریف کے قتل سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کررہا ہے۔ دوران سماعت چيف جسٹس نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کا انسانی حقوق سیل ارشدشریف کی والدہ کےخط پر کام کررہا ہے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کوواپس آئےکافی عرصہ ہوگیا، حکومتی کمیشن کی حتمی رپورٹ تاحال سپریم کورٹ کو کیوں نہیں ملی؟۔ چیف جسٹس کے استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جب رپورٹ آئی وزیر داخلہ فیصل آباد میں تھے، رانا ثناء اللہ کے دیکھنے کے بعد رپورٹ سپریم کورٹ کو دی جائے گی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی بات پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا وزیر داخلہ نے رپورٹ تبدیل کرنی ہے؟ وزیرداخلہ کو ابھی بلا لیتے ہیں, تحقیقاتی رپورٹ تک رسائی سب کا حق ہے، صحافی قتل ہو گیا، سامنے آنا چاہیے کہ کس نے قتل کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کل تک رپورٹ سپریم کورٹ ميں جمع کروادیں گے، جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ 43 دن سے رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں، آج جمع کرائیں تاکہ کل اس پر سماعت ہو سکے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، 5 رکنی بینچ حالات کی سنگینی کی وجہ سےہی تشکیل دیا ہے، صحافیوں کے ساتھ کسی بھی صورت بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی، کوئی غلط خبر دیتا ہے تو اس حوالے سے قانون سازی کریں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 23 اکتوبر سےآج تک صرف عدالت کو میڈیکل رپورٹ ہی مل سکی، سینئر ڈاکٹرز نے میڈیکل کیا لیکن رپورٹ تسلی بخش نہیں، ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا؟ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا کینیا میں تحقیقات ہو رہی ہیں؟ جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ مشکوک اندازمیں صحافی کا کینیا میں قتل ہوا، وزارت خارجہ نےاب تک کیا کارروائی کی ہے؟ سپریم کورٹ نے حکومت کو ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ آج ہی درج کرنے کا حکم دے دیا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں