گزشتہ رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب کیے گئے حملہ میں 8 سعودی اور 1 بھارتی شہری زخمی ابہا گزشتہ رات ایک بار پھر حوثی باغیوں نے ابہا کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا ہے۔ جس کے نتیجے میں وہاں موجود 9 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔ اس حملے کے نتیجے میں 8 سعودی شہری اور ایک بھارتی باشندہ زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کا قریبی اسپتالوں میںعلاج ہو رہا ہے۔ سعودی عرب کی زیرقیادت عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے اس واقعے کے حوالے سے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب رات 12 بج کر 35 منٹ پر یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک بار پھر ابہا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے بعد کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز معطل کیے گئے تھے۔ تاہم کلیئرنس کے بعد پروازوں کی آمد و رفت شروع کر دی گئی جو معمول کے مطابق جاری ہے۔ کرنل المالکی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی رُو سے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ممانعت ہے مگر شورش زدہ یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں موجود مقامی و غیر ملکی باشندوں اور شہری تنصیبات کو ہر دُوسرے تیسرے روز نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ ایک انتہائی غیر اخلاقی اور غیر انسانی حرکت ہے۔دُوسری جانب حوثیوں نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ رات کیے جانے والے ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ حوثیوں کے زیر انتظام ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ابہا ایئر پورٹ پر حملہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ واضح رہے کہ ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ہے۔ جہاں سے روزانہ مختلف ممالک کے ہزاروں شہری سفر کرتے ہیں۔