لاہور: آزمائشی سفرکے 6 ماہ بعد اورنج ٹرین کا جی پی ایس سسٹم فعال ہوگیا،جی پی او چوک میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، اورنج ٹرین کے تمام سگنلز اسی کنٹرول روم سے آپریٹ کئے جائیں گے ۔ تفصیل کے مطابق اورنج ٹرین کا باقاعدہ ٹیسٹ رن 11 دسمبر 2019 کو ٹریک پر لگے سگنلز کو فعال کئے بغیر کیا گیا ،جی پی ایس سسٹم بند ہونے پر ٹرین میں سوار وزرا کی طرف سے اعتراض اٹھایا گیا تواعلان کیا گیا سگنلز تین ماہ میں مکمل طور پر فعال کر دئیے جائینگے ۔تاہم اب 6ماہ بعد اورنج ٹرین کا گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) فعال کر دیا گیا، چینی کمپنی سی آر نورنکو نے ایل ڈی اے کو رپورٹ دیدی۔جی پی ایس سسٹم کیلئے جی پی او چوک میں کنٹرول روم کا کام مکمل کر لیا گیا، سٹیبلنگ یارڈ اور ڈپو پر بھی جی پی ایس کنٹرول روم تشکیل دیدیا گیا،جی پی ایس سسٹم کے ذریعے اورنج ٹرین کے مقام کی نشاندہی ہوگی اور سٹیشنز پر 68 ٹریفک سگنلز آپریٹ کئے جائینگے ۔ دوسری جانب پی آئی ٹی بی کے تعاون سے ٹرین کے جی پی ایس کا سیٹلائٹ سے رابطے کا عمل مکمل کر لیا گیا، اب ٹرین کے آزمائشی سفر میں اسے ہر سٹاپ پرروکا جائیگا اور ٹریفک سگنلز کی رہنمائی سے اسے چلایا جائیگا۔