آرٹیمس II کی تاریخی کامیابی، اپولو 13 کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

شائع شدہ تاریخ 08 اپریل, 2026
آرٹیمس-ii-کی-تاریخی-کامیابی،-اپولو-13-کا-ریکارڈ-ٹوٹ-گیا

اس مشن میں شامل خلانورد زمین سے کسی بھی انسان کے مقابلے میں زیادہ فاصلے تک جا چکے ہیں، انھوں نے 1970 میں اپالو 13 کی جانب سے قائم 400,171 کلومیٹر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

چاند کے گرد اپنے سفر کے دوران چار رکنی عملے نے چاند کے پچھلے حصے کے ایسے مناظر محفوظ کیے جو پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے، اور مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ بھی کیا۔

• تاریخ رقم: چار خلابازوں نے چاند کے پیچھے سے گزرنے کے دوران متوقع 40 منٹ کے مواصلاتی بلیک آؤٹ کے بعد مشن کنٹرول سے دوبارہ رابطہ قائم کیا، جو انسانی خلائی تاریخ کے طویل ترین بلیک آؤٹس میں سے ایک تھا۔ ناسا کے مطابق اس دوران خلائی جہاز اس مشن میں زمین سے اپنے زیادہ سے زیادہ فاصلے، تقریباً 252,756 میل، تک پہنچ گیا۔

• واپسی کا سفر: خلاباز اب زمین کی جانب واپسی کے سفر پر روانہ ہو چکے ہیں، وہ زمین سے کسی بھی انسان کے مقابلے میں زیادہ دور جا کر 1970 میں اپالو 13 کا قائم کردہ ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔

• خلابازوں نے کیا کیا؟ ناسا کے ریڈ وائزمین، وکٹر گلوور اور کرسٹینا کوچ، کینیڈین اسپیس ایجنسی کے جیریمی ہینسن نے بلیک آؤٹ کے دوران ’’ارتھ رائز‘‘ کا مشاہدہ کیا۔ انھوں نے چاند کے پچھلے حصے کے ایسے مناظر بھی دیکھے جو پہلے کبھی انسانی آنکھ نے نہیں دیکھے تھے، جب کہ اورائن خلائی جہاز سے مکمل سورج گرہن کا نظارہ بھی کیا۔

• صدارتی پیغام: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلائی بائی کے بعد خلابازوں سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’’آج آپ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔‘‘

• میپل کریم کوکیز: جیسے ہی زمین سے رابطہ منقطع ہوا، عملے کے ارکان ایک ساتھ جمع ہوئے اور اس ’’ناقابلِ یقین لمحے‘‘ کو یادگار بنانے کے لیے میپل کریم کوکیز سے لطف اندوز ہوئے، جو کینیڈین اسپیس ایجنسی کے خلاباز جیریمی ہینسن کی جانب سے لائی گئی تھیں، یہ بات آرٹیمس II کے کمانڈر ریڈ وائزمین نے بتائی۔

• انکساری: ناسا کے سربراہ جیرڈ آئزک مین نے خلابازوں سے اپنے سفر کو ایک لفظ میں بیان کرنے کو کہا تو کرسٹینا کوچ نے ایک لفظ ’’انکساری‘‘ کہا۔ انھوں نے کہا ’’ہم آج یہاں کبھی نہ ہوتے اگر ہم سے پہلے آنے والے بے شمار لوگوں کی کوششیں شامل نہ ہوتیں، جن میں نیل آرمسٹرانگ، کیتھرین جانسن، سول رائٹس موومنٹ کے رہنما اور وہ تمام افراد شامل ہیں جنھوں نے اس خلائی جہاز پر کام کیا۔ کرسٹینا کوچ تاریخ کی پہلی خاتون بنی ہیں جنھوں نے چاند کے قریب پرواز مکمل کی۔

• کیتھرین جانسن: نیل آرمسٹرانگ یقیناً وہ پہلے انسان تھے جنھوں نے چاند پر قدم رکھا، جب کہ کیتھرین جانسن اپالو دور کی ایک گمنام ہیرو تھیں، جو ایک ماہرِ ریاضی تھیں۔ ان کے حسابات کی بدولت خلابازوں کو بہ حفاظت خلا میں بھیجا گیا اور سوویت یونین کے خلاف خلائی دوڑ میں امریکا کو برتری حاصل ہوئی۔