پاکستان کے نامور اداکار احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی کا ڈراما 'عہد وفا' اس وقت انٹرنیٹ پر خوب مقبول ہورہا ہے۔ جہاں سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کو شائقین کا ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے وہیں اب سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کے الزام میں اس ڈرامے پر پابندی کے لیے لاہور کے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ 'عہد وفا' کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر اس درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض بھی اٹھایا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔