کے پی میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 10 خوارج ہلاک

شائع شدہ تاریخ 07 اگست, 2026
کے-پی-میں-سیکیورٹی-فورسز-کی-بڑی-کارروائی،-10-خوارج-ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اگست کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کیں، پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے ضلع اعظم ورسک کے علاقے میں کی گئی۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتنہ الخوارج کے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے جواب میں پاک فوج کی مؤثر کارروائی میں 8 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی میں ضلع دیر میں 2 خوارج ہلاک کیے گئے، خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، خوارج علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق وژن "عزم استحکام" کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

 قوم سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے: وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں کامیاب کارروائیوں اور 10 خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کےمکمل خاتمےتک کاروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، حکومت اور قوم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔