شیخ حسینہ کا بڑا اعلان، دسمبر میں وطن واپسی کا عزم

شائع شدہ تاریخ 10 جولائی, 2026
شیخ-حسینہ-کا-بڑا-اعلان،-دسمبر-میں-وطن-واپسی-کا-عزم

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ اپنی جماعت عوامی لیگ کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جائیں گی اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شیخ حسینہ نے کہا کہ انہیں اس بات کا ادراک ہے کہ وطن واپسی پر انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے یا ان کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، تاہم وہ ان خدشات سے خوفزدہ نہیں ہیں اور اپنے ملک واپس جانے کے فیصلے پر قائم ہیں۔

انہوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی لیگ کو دبایا نہیں جا سکتا اور پارٹی کو دوبارہ منظم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق مختلف حلقوں میں جماعت کی تنظیمِ نو کے لیے ورچوئل اجلاس بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔

شیخ حسینہ 2024 میں حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت منتقل ہوگئی تھیں۔ بعد ازاں بنگلہ دیش میں ان کے خلاف مختلف مقدمات قائم کیے گئے، جبکہ انہیں ایک مقدمے میں غیر موجودگی میں سزا بھی سنائی جا چکی ہے، جسے وہ سیاسی بنیادوں پر دیا گیا فیصلہ قرار دیتی ہیں۔

شیخ حسینہ نے ایک بار پھر ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی انتقام سمجھتی ہیں اور ان کا مقصد عوامی لیگ کو سیاست سے باہر کرنا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر شیخ حسینہ واقعی دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آتی ہیں تو ملک میں سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ ان کی واپسی بنگلہ دیش کی داخلی سیاست اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔