بڑھا ہوا پیٹ کم کرنے کے لیے سونف، اجوائن اور کلونجی کتنی مؤثر؟
شائع شدہ تاریخ 10 اگست, 2026
ماہرین صحت کے مطابق پیٹ کی چربی کم کرنے کے لیے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، مناسب نیند اور چینی و فاسٹ فوڈ سے پرہیز کو معمول کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ کم از کم 30 منٹ جسمانی سرگرمی وزن اور پیٹ کی چربی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، جبکہ مناسب اور پرسکون نیند بھی صحت مند وزن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پیٹ کے گرد جمع ہونے والی اضافی چربی صرف کپڑوں کے تنگ ہونے یا ظاہری شکل تک محدود نہیں رہتی بلکہ جسم کے اندرونی اعضاء کے گرد بھی جمع ہوسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق زیادہ مقدار میں پیٹ کی چربی دل کے امراض اور ٹائپ ٹو ذیابیطس سمیت مختلف بیماریوں کے خطرے سے منسلک ہے۔
بعض افراد وزن کم کرنے کے لیے گھریلو نسخوں کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ اگر آپ مندرجہ ذیل سطور میں بتائے گئے طریقے کو آزمانے کی باقاعدہ کوشش کریں تو ممکن ہے کہ آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکیں۔
ایک روایتی نسخے میں سونٹھ، پودینہ، کلونجی، دیسی اجوائن، کالا زیرہ، سونف اور چھوٹی الائچی شامل کی جاتی ہیں۔
اجزاء : سونٹھ ایک چمچ، پودینہ ایک چمچ، کلونجی ایک چمچ، دیسی اجوائن ایک چمچ، کالازیرہ ایک چمچ سونف ایک چمچ، چھوٹی الائچی ایک چمچ
نسخہ بنانے کی ترکیب
تمام اجزا کو پیس کر کسی صاف جار میں محفوظ کرنے اور کھانے کے بعد تھوڑی مقدار قہوے کے ساتھ استعمال کرنے کا طریقہ بتایا جاتا ہے۔
تاہم ماہرین صحت کے مطابق کسی بھی گھریلو نسخے کو وزن کم کرنے یا پیٹ کی چربی گھٹانے کا ثابت شدہ علاج نہیں سمجھنا چاہیے۔
خصوصاً باقاعدگی سے استعمال سے قبل معالج سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔ پیٹ کی چربی کم کرنے کا بنیادی طریقہ مجموعی طور پر کیلوریز میں توازن، صحت بخش غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی ہے۔