آئی جی سندھ کا ایس پی کے تبادلے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط
شائع شدہ تاریخ 28 فروری, 2020
سندھ کے شہر عمرکوٹ کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 52 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے آئی جی سندھ کلیم امام نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔ آئی جی سندھ کلیم امام نے اپنے خط میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس پی عمر کوٹ ضمنی الیکشن میں مداخلت کر رہے ہیں لہٰذا انہیں تبدیل کیا جائے۔سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کے ان الزامات پر الیکشن کمیشن کو جواب بھی بھجوا دیا ہے۔ سندھ حکومت نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام کے عمر کوٹ کے ضمنی انتخاب میں مداخلت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ آئی جی سندھ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے، لہٰذا ان کے خلاف انکوائری کرائی جائے۔