مائیکروسافٹ کی نئی AI چپ کب آئے گی؟ صارفین کی نظریں اہم اعلان پر
شائع شدہ تاریخ 11 اگست, 2026
اس نئی چِپ کا بنیادی مقصد مائیکروسافٹ کے اپنے کلاؤڈ انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور مارکیٹ کی معروف کمپنی این ویڈیا کے مہنگے پروسیسرز پر انحصار کم کرنا ہے، جس کا اعلان ممکنہ طور پر رواں سال ستمبر میں کیا جاسکتا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ نے 2023 میں اپنی پہلی مایا اے آئی چپ 200 متعارف کرائی تھی، تاہم کمپنی اپنی اندرونی چپ سازی کی صلاحیت کو گوگل اور ایمازون کے مقابلے میں تیزی سے وسعت نہیں دے سکی۔
اگلے سال 3 لاکھ سے زائد چپس کا منصوبہ
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مائیکروسافٹ چپ ساز کمپنی ٹی ایس ایم سی کے ساتھ مایا 300 کی تیاری کے لیے مذاکرات کر رہی ہے۔ کمپنی 2027 میں ڈلیوری کے لیے 3 لاکھ سے زائد چپس کی پیداواری صلاحیت حاصل کرنا چاہتی ہے۔
مائیکروسافٹ طویل مدت میں مایا 300 کی 10 لاکھ سے زیادہ چپس تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم پرزوں کی دستیابی اور ٹی ایس ایم سی کے ساتھ پیداواری صلاحیت سے متعلق جاری مذاکرات اس منصوبے میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
کمپنی اپنی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرنے کے ساتھ بڑے کلاؤڈ صارفین، جن میں اینتھروپک بھی شامل ہے، کو اپنی نئی چپ استعمال کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مائیکروسافٹ کے ازیور مایا کے جنرل منیجر اینڈریو وال نے کہا کہ کمپنی اپنی طویل مدتی اے آئی انفراسٹرکچر حکمت عملی کے تحت کسٹم سلیکون میں سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم انہوں نے پیداواری حجم کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
گوگل اور ایمازون سے مقابلہ
اے آئی چپس کی دوڑ میں مائیکروسافٹ کو گوگل اور ایمازون کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے، گوگل نے اپنی کسٹم اے آئی چپس، جنہیں ٹینسر پروسسنگ یونٹس بھی کہا جاتا ہے کی براہ راست فروخت سے آمدنی حاصل کرنا شروع کردی ہے، جبکہ ایمازون کے ٹرینیئم سمیت دیگر کسٹم پروسیسرز کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے۔
دوسری جانب مائیکروسافٹ نے رواں سال جنوری میں اپنی دوسری جنریشن کی مایا 200 چپ متعارف کرائی تھی، جسے ٹی ایس ایم سی نے 3 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کیا ہے۔
مایا 200 میں بڑی مقدار میں ایس آر اے ایم میموری شامل کی گئی ہے، جو ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں صارفین کی اے آئی درخواستوں کو پروسیس کرنے والے سسٹمز میں رفتار بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔
این ویڈیا پر انحصار کم کرنے کی کوشش
مائیکروسافٹ سمیت بڑی ٹیک کمپنیاں اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث اپنی خصوصی چپس تیار کرنے پر توجہ دے رہی ہیں، اس حکمت عملی کا ایک اہم مقصد این ویڈیا کے مہنگے اے آئی پروسیسرز پر انحصار کم کرنا اور اپنی کلاؤڈ سروسز کے لیے زیادہ لاگت مؤثر انفراسٹرکچر تیار کرنا ہے۔
مایا 300 کی حتمی خصوصیات، پیداواری حجم اور لانچ کی تاریخ کے بارے میں مائیکروسافٹ کی جانب سے ابھی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔