ریلوے کا 10 مئی سے محدود آپریشن شروع کرنے کا اعلان
شائع شدہ تاریخ 05 مئی, 2020
وزارت ریلوے نے 10 مئی سے ملک بھر میں محدود ریلوے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں ملک کے مختلف حصوں میں 15 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ سفر کے دوران مسافروں میں مناسب فاصلہ رکھنا لازم قرار دیا گیا ہے، ریل میں سفر کے دوران مسافر اپنا ٹکٹ سامنے رکھیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹکٹ چیکنگ کے دوران عملہ اور مسافر ایک دوسرے کو چھونے سے گریز کریں گے، ریل کے ٹکٹوں کی 50 فی صد بکنگ آن لائن ہو گی۔ وزارتِ ریلوے کے نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خیبر میل، عوام ایکسپریس، تیز گام، اسلام آباد ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینیں چلیں گی۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وزارتِ ریلوے نے 22 مارچ کو کچھ ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کی تھی بعد میں تمام ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی تھی۔