بھوک سے نڈھال ماہی گیر وں کا بچوں کے ہمراہ احتجاج،سڑک بلاک
شائع شدہ تاریخ 30 مارچ, 2020
غریب نواز محلہ ابراہیم حیدری کے مکین کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے سے بیروزگاری کے سبب اپنے بھوک اور بدحالی سے نڈھال بچوں سمیت گھروں سے نکل آئے ۔ کراچی: احتجاجی مظاہرین نے مین روڈ پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا۔ رینجرز اور پاک آرمی سمیت پولیس کے بڑے افسران پہنچ گئے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ماہی گیر ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر سمندر سے مچھلی کا شکار کر بچوں کا گزر بسر کررے ہیں، لیکن حکومت سندھ کی طرف سے کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں گزشتہ ایک ہفتے سے بیروزگار کردیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے ہمارے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روزگار نہ ہونے کی صورت میں حکومتی سطح پر کسی بھی قسم کی مالی و معاشی مدد نہیں کی گئی ہے اور کورونا وائرس کے دوران علاقے سے کوئی بھی منتخب نمائندہ بھی ان کی مدد کو نہیں پہنچا ہے ۔