ہم نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں، انصاف چاہتے ہیں: اسد قیصر
شائع شدہ تاریخ 19 مئی, 2026
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بشریٰ بی بی اور بانئ پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کیا جائے۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان اور پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کچھ اہم فیصلے ہوئے ہیں، ہم جمعے کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے 4 نکات کو تسلیم کیا، پارلیمانی پارٹی نے تحریک کے فیصلوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔
ان کا کہنا ہے کہ بجٹ آ رہا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے منظور نہیں ہونے دیں گے، ایمان مزاری سمیت سیاسی قیدیوں سے ظلم روا رکھا گیا ہے اور اپوزیشن کی آوازیں بند کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ ہمیں دہشت گردی کا چیلنج درپیش ہے، نااہلی سے خارجہ پالیسیاں بنائی گئی ہیں، خیبر پختون خوا میں صنعتیں بند ہوتی جا رہی ہیں۔
اسد قیصر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، آٹے، گیس اور سی این جی کی بندش کو ختم کیا جائے۔