فیس میں رعایت کے نوٹیفکیشن کو عدالت میں چیلنج کریں گے، کاشف مرزا
شائع شدہ تاریخ 23 اپریل, 2020
صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا نے پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے باعث نجی اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد رعایت کے نوٹیفکیشن کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ صدرآل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا نے لاہور سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ نجی اسکولز فیس کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے پابند ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے پنجاب حکومت یہ فیصلہ واپس لے، کیوں کہ مستحق طلبا کی فیس ادائیگی کے لیے کورونا ایجوکیشنل ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے۔ کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ ٹیچرز کی تنخواہیں فکس ہیں اور ملک بھر میں 90 فیصد نجی اسکول عمارتیں کرائے پر ہیں، وزیراعظم پاکستان سے پرائیویٹ اسکولزکے لیے ’تعلیمی ریلیف پیکیج‘ کی استدعا کی ہے۔ واضح رہے کہ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد صوبائی حکومت نے نجی اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔