تازہ ترین

آصف علی زرداری کے خیر خواہ پیسے دینے کے لیے تیار ہیں

آصف-علی-زرداری-کے-خیر-خواہ-پیسے-دینے-کے-لیے-تیار-ہیں

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خیرخواہ پیسے دینے کے لیے تیار ہیں، نواز شریف کے لوگوں کو بھی رقم کی ادائیگی کے لیے فیصلہ کرنا چاہئیے۔ شاید آخری پانچ اوروں کے میچ میں ڈیل سے انہیں کچھ مل جائے۔  لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کا این آر او کے معاملے پر واضح مؤقف ہے کہ کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا، ہاں اگر تھوڑے بہت پیسے دے دیں تو کچھ ہوسکتا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ مرکز میں مسلم لیگ ن 2 بننے جارہی ہے، جس کی قیادت شہبازشریف کریں گے یا چوہدری نثارعلی، اس کا ابھی پتہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کل پورا دن مجھے کرنٹ لگنے کی خبریں چلاتا رہا ہے، یہ چاہتے ہیں کہ میں مر جاؤں۔ پاک بھارت کشیدگی سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور فوج کشمیر کی خاطر کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہے، اگر بھارت آزاد کشمیریا لاہور کی طرف بڑھے گا تو ہم اسمارٹ بم سے انہیں تباہ کر دیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ کشمیر پر ساری جماعتیں ایک ہونے جارہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان میرے ساتھ مل کر مودی کےخلاف ریلی نکالیں گے۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ جناح ایکسپریس کا کرایہ 500 روپے کم کر رہے ہیں، بہاولپور ریلوے اسٹیشن کا 6 ستمبر کو افتتاح کریں گے۔ 4 سے 5 ٹرینوں کو اکٹھا کرنے جا رہے ہیں، بارشوں کے باعث ہماری مال گاڑیاں زیادہ متاثر ہوئیں۔جدوجہد آزادی کشمیر پر خصوصی سلوگن ٹرینوں پر لگائے جائیں گے، 7 ستمبر کو راجن پور اور ڈی جی خان اسٹیشن کا افتتاح کریں گے، وزیر اعظم عمران خان ننکانہ صاحب سڑک کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے بھارتی سرکار کو للکارتے ہوئے کہا کہ مودی سن لو! بھارت میں 22 پاکستان بنیں گے۔ مودی کے اقدامات کی وجہ سے بھارت میں مسلمان ڈی گریڈ ہوگئے ہیں، سب کو معلوم ہے مودی بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ کیا کر رہا ہے۔ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ہم دفاعی لحاظ سے بھارت سے بہت آگے ہیں، ہمت ہے تو غلطی کر کے دیکھ لیں۔ کوئی مدد کرے نہ کرے کشمیری ذہین قوم ہے، جو کشمیریوں کی آزادی کا دشمن ہے وہ یزیدی قوتوں کے ساتھ ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں