واٹس ایپ صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، 3 نئے فیچرز متعارف

شائع شدہ تاریخ 27 اگست, 2026
واٹس-ایپ-صارفین-کیلئے-بڑی-خوشخبری،-3-نئے-فیچرز-متعارف

میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔

کمپنی کی جانب سے مجموعی طور پر 3 نئے فیچرز صارفین کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔

ان فیچرز کا بنیادی مقصد اکاؤنٹس کو محفوظ بنانا ہے۔

ابھی واٹس ایپ میں 2 اسٹیپ ویریفکیشن کا فیچر دستیاب ہے جس میں 6 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ کو ہیکرز کو اکاؤنٹس کو ہیک کرنے سے روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اب اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے اور صارفین کو ایک طویل حروف اور نمبروں پر مشتمل پاس ورڈ منتخب کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ ہیکرز کے لیے اس کا اندازہ لگانا مشکل ہو جائے۔

اسی طرح پاس کیز کا فیچر بھی اب بہتر کیا جا رہا ہے۔

پاس کیز استعمال کرنے والے صارفین اپنے اکاؤنٹ میں ایک سے زائد پاس کیز کو ایڈ کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر ایسے صارفین کے لیے کارآمد ہوگا جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے فونز استعمال کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاس کیز بنیادی طور پر ڈیجیٹل کیز ہیں جن کا استعمال آسان ہوتا ہے جبکہ یہ زیادہ محفوظ بھی ہوتی ہیں کیونکہ یہ کسی ویب سرور پر اسٹور نہیں ہوتیں۔

طویل پاس ورڈ کی بجائے یہ ٹیکنالوجی 4 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ یا بائیو میٹرک تفصیلات کو لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

اسی طرح تیسرا فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اب وہ کسی ایسی کال کے بارے میں زیادہ تفصیلات دیکھ سکیں گے جو ایسے نمبر سے موصول ہوں گی جو ان کے کانٹیکٹس میں شامل نہیں ہوگا۔

جیسے یہ معلوم ہوسکے گا کہ یہ نمبر کسی اور ملک کا ہے یا کسی ایسے فرد کا ہے جو ایسے گروپ کا ممبر ہے جس میں آپ بھی موجود ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ ان فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

یہ فیچرز آنے والے ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔