میری وجہ سے ڈرامے ہٹ ہوتے ہیں، سینئر اداکارہ صبا فیصل کا دعویٰ
شائع شدہ تاریخ 20 دسمبر, 2025
صبا فیصل کا شمار پاکستان کی مشہور اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں گھر کیا ہے۔
سینئر اداکارہ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے ڈراموں اور مقبولیت کے حوالے سے گفتگو کی۔
صبا فیصل نے ڈراموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس ڈرامے میں، میں ہوتی ہوں وہ اچھا ڈرامہ ہوتا ہے اور میں یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہہ سکتی ہوں کہ نیا بننے والا ڈرامہ ہٹ ہوگا۔
اداکارہ نے کہا کہ رمضان میں 2 ڈرامے کیے، دونوں ڈراموں کو عوام کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔
اداکارہ نے اپنے ڈرامے 'آس پاس' کی اسٹوری سناتے ہوئے کہا کہ جب مجھے یہ ڈرامہ پیش کیا گیا تو میں نے کہا اس ڈرامے میں میرے لیے کچھ نہیں ہے، لیکن میں کہتی تھی کہ یہ ڈرامہ ہٹ ہوگا اور اس ڈرامے نے لاکھوں ویوز حاصل کیے تھے۔