بولی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے بھاری معاوضہ مسترد کرکے بگ باس میں شرکت سے انکار کردیا
شائع شدہ تاریخ 10 جولائی, 2019
ممبئی بولی وڈ فلم دنگل سے کیریئر شروع کرنے اور شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے نے بھاری معاوضے کی پیش کش کو نظر میں نہ لاتے ہوئے بگ باس شو میں شرکت سے انکار کردیا۔شوبز ویب سائٹ لیٹسٹلے نے ذرائع سے بتایا کہ زائرہ وسیم کو سلمان خان کی میزبانی میں شروع ہونے والے شو بگ باس میں شرکت کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی پیش کش کی گئی۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے بھاری معاوضے کے باوجود متنازع شو میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے یکم جولائی کو سوشل میڈیاکے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیں گی۔اداکارہ نے فلم انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہیں کم عمری میں شہرت ملی اور انہیں فلم انڈسٹری سے اچھا پیار بھی ملا اور انہوں نے اچھا مقام بھی حاصل کیا۔تاہم اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اب احساس ہونے لگا ہے کہ وہ اس کام کے لیے نہیں تھیں اور یہ کہ اداکاری کی وجہ سے ان کا ایمان و عقیدہ متاثر ہو رہا ہے، اس لیے اب وہ فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کر رہی ہیں۔زائرہ وسیم نے 5 سال قبل عامر خان کی فلم دنگل سے محض 13 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ انتہائی کم عمری میں مشہور ہوگئی تھیں۔