سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ ہو یا فل کورٹ ہمیں فرق نہیں پڑتا: عمران خان
شائع شدہ تاریخ 31 مارچ, 2023
پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں میں الیکشن کی تاریخ ملتوی کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والے بینچ کے ٹوٹنے پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ ہو یا فل کورٹ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ انتخابات آئین میں فراہم کردہ مدت (90 روز) کے دوران ہو رہے ہیں یا نہیں!
عمران خان کا مزید کہنا تھا میں نے اپنی 2 اسمبلیاں تحلیل کرنے سے قبل اپنے چوٹی کے آئینی ماہرین سے مشاورت کی اور ان سب کی متفقہ رائے تھی کہ انتخاب کے 90 روز میں انعقاد کے حوالے سے متعلقہ آئینی شق کو پھلانگنا ممکن نہیں۔
انہوں نے لکھا کہ مجرموں کی امپورٹڈ سرکار، اس کے سرپرست اور ایک نہایت متنازع الیکشن کمیشن اب آئین کا کھلا مذاق اڑانے پر اتر آئے ہیں، دستور کی مختلف شقوں کو خود کے لیے قابلِ عمل جبکہ دیگر کو ناقابلِ نفاذ قرار دیکر یہ گروہ دراصل پاکستان کی اساس پر حملہ آور ہے جو آئین و قانون کی حکمرانی پر استوار ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات سے اس حد تک خوفزدہ اور اپنے سزا یافتہ مجرم قائدین کو بچانےکے لیے اس قدر بے چین ہیں کہ دستور و قانون کی حکمرانی کی آخری علامت تک کو مٹانے پر آمادہ ہیں۔