کراچی میں سخت سیکیورٹی کے باوجود سیل مارکیٹ میں بڑی چوری
شائع شدہ تاریخ 12 مارچ, 2026
امعلوم ملزمان دلدار سینٹر میں قائم موبائل شاپ ساحل الیکٹرونکس سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور نقدی لے اڑے۔
صدر موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما منہاج گلفام کے مطابق دکان سے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز اور 3 لاکھ روپے نقد چوری کیے گئے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ نے کراچی پولیس چیف سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے اور تفتیش کے لیے تجربہ کار افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دکاندار نعیم نے واقعے سے متعلق اطلاع تو دی ہے تاہم اب تک مقدمہ درج نہیں کرایا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ سال بھی جلوس کے دن اسی دکان سے چوری کی رپورٹ سامنے آئی تھی، جبکہ آس پاس کے دکانداروں سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔