
وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے حوالے سے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو تحریری ہدایات جاری کردیں۔ ووٹنگ کے روز پی ٹی آئی ارکان کو اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ووٹنگ کے دوران کوئی رکن قومی اسمبلی پارلیمنٹ میں موجود نہ ہو، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کوئی رکن پارٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔ مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی پر آرٹیکل تریسٹھ اے کا اطلاق ہوگا۔ ہدایت نامہ پی ٹی آئی کے تمام ارکان قومی اسمبلی کو انفرادی طور پر ارسال کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کسی منتخب رکن کا اپنی جماعت کو چھوڑ کر دوسری جماعت کے حق میں ووٹ دینا فلور کراسنگ تصور ہوتا ہے۔ آئین کے آرٹیل 63 اے کے تحت سیاسی جماعت کے رکن کے خلاف پارٹی کے خلاف ووٹ کرنے پر ڈسپلنری ایکشن ہوسکتا ہے۔
دوسری طرف اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس بھی ہوا۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بھی شرکت کی۔ طے پایا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے اور اتوار کو بھی جاری رہے گا۔