
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ملک کے بہترین مفاد میں افواج کو سیاسی گفتگو سے دورر کھیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے اعلیٰ عسکری قیادت پر براہ راست اور مختلف حوالوں سے باتیں کی جارہی ہیں اور بعض سیاسی قیادت مسلح افواج اور قیادت کے حوالے سے ایسی گفتگو کررہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ سیاست دانوں، چند صحافیوں اور تجزیہ کاروں کی جانب سے عوامی فورمز جن میں سوشل میڈیا بھی شامل ہے پر براہِ راست، بالواسطہ اور حوالہ جات کے ذریعے مسلح افواج اور اس کی سینیئر لیڈرشپ کے بارے میں بات کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستان کی مسلح افواج کو ملک میں جاری سیاسی گفتگو میں جان بوجھ کر گھسیٹنے کی کوششیں تیز ہوئی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ غیرمصدقہ اشتعال انگیزبیانات انتہائی نقصان دہ ہیں، مسلح افواج کو غیرقانونی اوغیر اخلاقی عمل میں شامل کرنا سختی سے منع ہے۔ توقع ہے سب قانون کی پاسداری کریں گے۔