
نامور شوبز شخصیات اور لاہور قلندرز کی مینجمنٹ نے ویکسی نیشن سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے آپ کو محفوظ بنانے کے لیے جلدازجلد ویکسی نیشن کرائیں۔
لاہورکی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کورونا ویکسی نیشن مہم میگا آگاہی ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف کا کہنا تھا کہ سب کا ویکسی نیشن لگوانا بہت ضروری ہے، عوام سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں پر کان نہ دھریں ۔
انہوں نے کہا کہ اگلا پی ایس ایل لاہور میں منعقد کروانے کیلئے لاہوریوں کو زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کرانا چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہاکہ میگا آگاہی ایونٹ کرانے کا مقصد ویکسی نیشن لگانے کے رجحان کوبہتر بنانا اور اگلے 6 ماہ میں 70 لاکھ لاہوریوں کو ویکسین لگانا ہے۔
اداکار علی ظفر، فیصل قریشی، نیبل احمد، گلوکار ابرار الحق اور دیگر شو بز ستاروں نے کہا کہ کورونا کو ہرانا ہے تو ویکسی نیشن کو لازم بنانا ہے۔
اداکاروں نے ویکسین کی آگاہی کی اس مہم کے لیے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔