جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

شائع شدہ تاریخ 28 جولائی, 2026
جاپان-میں-71-شدت-کا-زلزلہ،-سونامی-وارننگ-جاری

جاپانی میڈیا کے مطابق کیوشو کے علاقے کوماموتو پریفیکچر 7.1 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، جس کے باعث ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی، ریل سروسز روک دی گئیں جبکہ سونامی اور آفٹر شاکس کی وارننگز جاری کی گئی۔

جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق جاپان کے جنوبی کیوشو آئی لینڈ کے مختلف خطوں میں جاپانی حکومت کی جانب سے زلزلے کے آفٹر شاکس کی وارننگ جاری کی گئی جبکہ سمندری لہریں ایک میٹر بلند پر ہونے سونامی وارننگ بھی جاری کی گئی۔

مگر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اب تک کسی قسم کی سونامی سرگرمیوں کا مشاہدہ نہیں کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ اس زلزلے کے بعد اب تک سونامی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا اور اس وجہ سے توقع ہے کہ سونامی وارننگ کو جلد واپس لے لیا جائے گا، جس کا انحصار سمندری سطح کی مستقبل کی صورتحال پر ہوگا۔

جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے بتایا کہ زلزلے سے عمارتوں کے گرنے اور لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زلزلے سے کچھ علاقوں میں بجلی منقطع ہونے اور کچھ علاقوں میں آگ لگنے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جاپان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں اکثر زلزلے آتے ہیں اور دنیا کے 20 فیصد 6 شدت کے زلزلے جاپان میں ریکارڈ ہوتے ہیں۔

کوماموتو میں زلزلے کے بعد 40 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ ریلوے کمپنی کی جانب سے سرسز کو معطل کر دیا گیا۔

البتہ اس علاقے میں موجود جوہری بجلی گھروں میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔