تازہ ترین

چین ،امریکہ تعلقات مین تائیوان بڑا خطرہ ہے،چینی وزیر خارجہ

Taiwan is a big threat in China-US relations, Chinese Foreign Minister said

چین امریکا کے ساتھ مستحکم اور تعمیری تعلقات قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے،چن گانگ

چین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تائیوان امریکا کے ساتھ تعلقات میں سب سے اہم خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔چینی وزیر خارجہ چِن گانگ نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن سے بیجنگ میں ملاقات میں کہی۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں واضح بات چیت کی ہے۔

غیر ملکی خبر رسان ایجنسی کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے بلینکن کو بتایا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کے بنیادی مفادات کا اساسی مسئلہ ہے، یہ چین اور امریکا کے تعلقات میں سب سے اہم اور بڑا خطرہ ہے۔تائیوان کے معاملے پر امریکا اور چین کی کشیدگی دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں تنازعات کا ایک اہم نکتہ بن چکی ہے۔ یہ مسئلہ ’’ون چائنا‘‘پالیسی کی مختلف تشریحات سے پیدا ہوا ہے، جسے امریکا تسلیم کرتا ہے لیکن واضح طور پر تسلیم نہیں بھی کرتا۔

چین تائیوان کو ایک منحرف صوبہ کے طور پر دیکھتا ہے جسے بالآخر ملک کے ساتھ دوبارہ متحد کیا جانا چاہیے ، یہاں تک کہ اگر ضروری ہو تو طاقت کے ذریعے بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔امریکا تائیوان کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دیرینہ عزم رکھتا ہے اور تائیوان کے ساتھ مضبوط غیر رسمی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے ، جس میں اسے دفاعی ہتھیاروں کی ترسیل بھی شامل ہے۔ تائیوان کی حیثیت اور مستقبل کے بارے میں دونوں ملکوں میں اس اختلاف کی وجہ سے کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور اس نے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تزویراتی رقابت میں بھی اضافہ کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں وزراء خارجہ کے درمیان طویل بات چیت ہوئی ہے اور انھوں نے بات چیت کو’’واضح، گہری اور تعمیری‘‘قرار دیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے انٹونی بلینکن کو بتایا کہ چین امریکا کے ساتھ مستحکم، قابل پیشین گوئی اور تعمیری تعلقات قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ واشنگٹن چین کے بارے میں معروضی اور عقلی تفہیم کو برقرار رکھے گا۔ وہ دوطرفہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کو برقرار رکھے گا اور غیر متوقع واقعات سے پرامن انداز میں، پیشہ ورانہ اور منطقی طور پر نمٹے گا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں