کراچی : میئرکراچی کے لیے آرٹس کونس میں منعقد ہونے والے الیکشن کے نتائج پرکل ملک بھر میں جماعت اسلامی کی جانب سے یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سراج الحق نے یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر آئین اور جمہوریت پسند سے اس یوم سیاہ میں شرکت کے لیے اپیل کرتا ہوں۔ میئر کا الیکشن جیتنے کے لیے منتخب نمائندوں کو اغوا کیا گیا، ووٹوں کی خریداری کی گئی اور دھونس و دھاندلی کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی کا اپنی ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ میئر کراچی کا الیکشن آئین و جمہوریت پرسوالیہ نشان ہے۔ جمہوریت کومسلسل مذاق بنایا جائیگا تو لوگوں کا رہا سہا اعتماد بھی ختم ہو جائیگا۔ الیکشن کمیشن اورسندھ حکومت کی ملی بھگت بھی واضح ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ بلدیاتی، میئر الیکشن میں الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے طفیلی ادارے کا کردار ادا کیا۔ شفاف قومی انتخابات کے حوالے سے اب الیکشن کمیشن نے اپنی وقعت کھو دی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں، انہوں نے 173 ووٹ حاصل کیے جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ مل سکے۔ الیکشن کے نتائج آنے کے بعد دونوں پارٹیوں کے کارکنان کے درمیان پتھرائو اور جھگڑا بھی ہوا تھا جس سے کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔