مکہ مکرمہ: نئے اسلامی سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے تصدیق کی ہے کہ ذوالحج کا مہینہ منگل کو مکمل ہو گیا ہے اور یکم محرم 1445 بروز بدھ 19 جولائی کو ہو گا۔
عرب میڈیا کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کا کام عشاء کی نماز کے بعد شروع ہوا اور یہ تین سے چار گھنٹے میں مکمل ہوا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ غلاف کعبہ کی قیمت 20 لاکھ سعودی ریال سے زیادہ ہے۔
پہلے مرحلے میں خانہ کعبہ کے پرانے غلاف کو چاروں اطراف سے بڑی مہارت سے ہٹایا گیا، خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی رکاوٹیں لگائی گئیں جبکہ غلاف کو چھتوں تک اٹھانے کے لیے الیکٹرانک لفٹرز کا استعمال کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں محرم 1445 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، محرم 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں ہوا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پورے ملک میں محرم کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم محرم 1445 ہجری 20 جولائی بروز جمعرات اور یوم عاشورہ 10 محرم 29 جولائی کو ہو گا۔