تازہ ترین

20جون تا 20جولائی:ٹڈی دل کے شدید حملوں کا خطرہ

20جون-تا-20جولائی:ٹڈی-دل-کے-شدید-حملوں-کا-خطرہ

لاہور: ٹڈی دل کے نئے لشکر بھی آنے کے لیے تیار ہیں ،20جون سے 20جولائی تک اس کے شدید حملوں کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ ٹڈی دل ملک بھر کے 61 اضلاع میں پہلے ہی تباہی مچا رہے ہیں اور3لاکھ 65ہزار730مربع کلومیٹر رقبہ ان کی زد میں ہے جس میں سے 15 فیصد پنجاب کا ہے ۔ ماہرین نے دیگر فصلوں کی نسبت کپاس کو شدید نقصان پہنچنے کے امکانات ظاہر کردئیے ۔بتایا گیا ہے اِس وقت راجن پور، لیہ، بھکر،خوشاب، بہاولپور، جھنگ سمیت پنجاب کے 12 اضلاع ٹڈی دل کے حملوں کی زد میں ہیں اورکپاس کی فصل کو زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے جس کے باعث کپاس کی پیداوار کا ہدف حاصل ہونا مشکل دکھائی دے رہا ہے ۔فوڈ اینڈ ایگریکلچر ل آرگنائزیشن کی طرف سے وارننگ جاری کردی گئی ہے کہ ٹڈی دل کے نئے لشکر 20جون سے 20جولائی کے دوران حملوں کے لیے تیار ہورہے ہیں جس کے باعث صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے ۔ اِس حوالے سے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر انجم علی کا کہنا تھا اِس مرتبہ صورت حال قدرے خراب ہے تاہم حکومتی ادارے اِس میں بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے بتایا اِس مرتبہ حملے کرنے والے ٹڈی دل کی پیدائش اور پرورش مقامی ماحول میں ہوئی ہے جس کے باعث یہ زیادہ خطرناک ثابت ہورہے ہیں۔. اُن کا کہنا تھا اِس وقت تک 3لاکھ 65ہزار 624 مربع کلو میٹر رقبے پر سپرے کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے ۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے ایڈوائزرحمید اللہ ملک نے بتایا حکومت صورت حال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور کاشتکاروں کے تعاون سے ٹڈی دل کا قلع قمع کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں