معروف مصنفہ ،شاعرہ ، پروڈیوسر اور کریٹو کنسلٹنٹ اسماء نبیل انتقال کرگئیں۔ مصنفہ کے انتقال کی خبر ان کے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے دی گئی ، پوسٹ کے مطابق مصنفہ کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے کلفٹن میں ادا کی جائے گی۔ اسماء نبیل حال ہی میں جنریشن ایکس علی ذیشان کی بریسٹ کینسر مہم 2021 کا حصہ بنیں تھی، برانڈ کی جانب سے اس مہم کے ذریعے مصنفہ کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے دوپٹے کی لانچنگ اور اس سے حاصل ہونے والی 100فیصد آمدنی کو شوکت خانم میموریل اسپتال میں عطیہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسماء نبیل کو7 سال قبل بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آج کراچی میں انتقال کرگئیں۔ مصنفہ کے انتقال پر شوبز کی مشہور شخصیات کی جانب سے بھی ان کی تصاویر اور ان کے لیے دعائیہ کلمات شییئر کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ مصنفہ اسماء نبیل بالی وڈ فلموں کے لیے بھی کام شروع کرچکی ہیں۔ اسماء نبیل نے ’خانی‘ ڈرامے کی زبردست کامیابی کے بعد بالی وڈ فلم ’ہیلی کاپٹر ایلا‘ کے لیے ایک گانا لکھا تھا جو اداکارہ کاجول پر فلمایا گیا۔