پاکستان پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں انہوں نے 173 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مخالف جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ ملے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق انہوں نے 173 ووٹ حاصل کیے ہیں جب کہ ان کے حریف جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ ملے۔ اراکین نے قائد ایوان کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا۔
ووٹنگ شروع ہونے سے قبل آرٹس کونسل آف پاکستان کا مرکزی دروازہ بند کرا دیا گیا تھا۔ اراکین نے پہلے شو آف ہینڈ کے ذریعے مرتضیٰ وہاب کے لیے ووٹ دیا جس کے بعد حافظ نعیم کے لیے ووٹنگ ہوئی۔
کے ایم سی کے مجموعی طور پر 366 ارکان نے ووٹ کاسٹ کرنا تھا تاہم 332 ارکان آرٹس کونسل پہنچے جب کہ 34 ارکان ووٹ ڈالنے کے لیے نہیں آئے۔ پی ٹی آئی کے 30 سے زائد اراکین کے ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے نہ آنے پر جماعت اسلامی نے انتخابی عمل پر اعتراض اٹھایا اور 33 غیر حاضر ارکان کو پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ الیکشن کمیشن نے اعتراض نوٹ کرلیا تاہم انتخابی عمل جاری رکھا۔
ووٹنگ کے لیے پی ٹی آئی کے تین گرفتار یوسی چیئرمین فردوس شمیم نقوی، ملک محمد اور محمد فراز کو بھی پروڈکشن آرڈر پر آرٹس کونسل لایا گیا تھا۔
دوسری جانب میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین انتخابات کے لیے اسلام آباد سیکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو کل صبح 8 بجے تک کام کرے گا۔
واضح رہے کہ میئر الیکشن سے قبل ہی پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب نے آرٹس کونسل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کر دیا تھا کہ ہمارا 173 کا نمبر پورا ہے۔ ہمارے 155 اراکین ہیں جب کہ ہمارے اتحادیوں ن لیگ کے 14 اور 4 جے یو آئی کے اراکین ہیں۔