اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ شرکا نے وکلا کے تحفظ کیلیے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کیلیے بل بھی منظورکرلیا۔
کابینہ نے مختلف ممالک اور عالمی اداروں کے ساتھ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی۔اسٹیٹ بینک کی سفارش پر ایس ایم ای بینک کے وائنڈنگ ڈان کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے ہدایت کی وائنڈنگ ڈان کے دوران تمام صارفین کے ڈیپازٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے، پہلے مرحلے میں انھیں 5.557 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔
کابینہ نے وسیم اسلم کی سعودی عرب حوالگی کیلیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔وہ سعودی حکومت کو قتل کے مقدمے میں مطلوب ہے۔
کابینہ نے پاکستان سکھ گردوارہ پربندھگ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دی۔ 13 رکنی کمیٹی میں تمام صوبوں سے نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے۔
مزید براں وزیرِ اعظم نے اسلام آباد کا نام تجویز کرنے والے قاضی عبدالرحمن امرتسری کی خدمات کااعتراف کرتے ہوئے ان کے لواحقین کو پارک انکلیومیں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا۔
دریں اثناء وزیراعظم نے لوئر کوہستان آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کیلیے دعا کی۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف جمعہ کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔ انھیں علامہ اقبال ایرپورٹ سے سخت سکیورٹی میں ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پہنچایا گیا۔