انھیں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے دیں،صائم ایوب دن بہ دن اپنے کھیل کو نکھارتے جارہے ہیں، ان سمیت پی ایس ایل میں شریک تمام ینگسٹرز پر نظر ہے، پشاور زلمی کے کپتان نے اگلے میچ میں 280 رنز اسکور کرنے کی کوشش کا عزم ظاہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 8 میں پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 2 وکٹ پر 240 رنز بنائے، اس میں کپتان بابراعظم کی سنچری بھی شامل رہی، انھوں نے صائم ایوب کے ساتھ پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی 162 رنز کی اوپننگ شراکت بھی بنائی، اس کے باوجود ان کی ٹیم یہ میچ ہار گئی۔
بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کے دوران جب بابر سے اتنے بڑے اسکور کا دفاع نہ کرپانے کی وجہ پوچھی گئی تو انھوں نے کہا کہ کچھ ہم بْرا کھیلے اور کچھ وہ بھی اچھا کھیلے، جیسن روئے کو کریڈٹ دینا چاہیے، 240 رنز بناکر بھی ہار جائیں تو مایوسی تو ہوتی ہے، راولپنڈی کی پچ ہمیشہ ہی بیٹرز کیلیے معاون ہوتی ہے، جوابی حملے کیلیے اچھی بولنگ بھی ہونا چاہیے۔
240 رنز بھی بنانا آسان نہیں ہوتا، اگلے 2 میچز ہمارے لیے اہم ہیں، اگلے میچ میں 280 رنز اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ صائم ایوب اور اعظم خان کو افغانستان کے خلاف آنے والی سیریز میں موقع دینے کے سوال پر بابر نے کہا کہ صائم کافی باصلاحیت ہیں، ان کی کارکردگی میں دن بہ دن نکھار آرہا ہے۔
اوپنر میں سیکھنے کی لگن موجود ہے، ہماری ان سمیت ایونٹ میں شریک تمام نوجوان کھلاڑیوں پر نظر ہے، فی الحال پوری توجہ پی ایس ایل پر ہی ہے، اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے بارے میں بات کریں گے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ صرف چند پرفارمنسز کی بنیاد پر کسی نئے کھلاڑی کو آسمان پر نہیں چڑھا دینا چاہیے،اس سے ان کی توجہ بھی منتشر ہوتی ہے، انھیں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے دینا چاہیے، یہ خود ان پلیئرز کیلیے بھی بہتر ہے۔یاد رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم اپنے 9 ویں لیگ میچ میں جمعے کو ملتان سلطانز سے مقابلہ کرے گی۔