لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کے لیے دائر درخواست پر اعتراض کی سماعت کی۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا اور درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
خیال رہےکہ ہائی کورٹ میں وکیل آفاق ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا، 2018 میں عدالت نے انہیں پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کوبھی نااہل قرار دیا مگر انہیں پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا، اس لیے نواز شریف کو بھی پارٹی صدارت پر بحال کیا جائے۔
لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ نواز شریف کوپارٹی عہدے سے سپریم کورٹ نے ہٹایا وہاں رجوع کیا جائے، لاہور ہائی کورٹ سپریم کورٹ کے ماتحت ہے یہاں سماعت نہیں ہوسکتی۔