لاہور میں گلبرگ کے علاقے میں واقع شاپنگ مال کی بلند و بالا عمارت کو آگ لگ گئی ہے، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ پر قابو پانے کیلئے پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں شاپنگ مال کی 4منزلہ عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے کا کام شروع کردیا گیا۔ ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی 25 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ آتشزدگی پر قابو پانے کے آپریشن میں اسنارکل اور ایریل پلیٹ فارم اسپیشل فائر وہیکل بھی استعمال کر رہے ہیں۔ قریبی اضلاع سے بھی ریسکیو ٹیمیں منگوا لی گئیں۔ تاحال آتشزدگی کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ آگ پر قابو پانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ لاہور کا گنجان آباد علاقہ گلبرگ جدید خریداری مراکز کے باعث مشہور ہے۔ آج صبح کے وقت حکام کا کہنا تھا کہ گلبرگ میں شاپنگ مال کی بلند و بالا عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ کولنگ کا عمل جاری ہے۔ آتشزدگی کے دوران شاپنگ مال کی چاروں منزلیں جل گئیں۔ آگ بجھانے کے عمل میں 60فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ تاہم عمارت کی بالائی منزل کے عقبی حصے میں آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جس پر جلد سے جلد قابو پانے کی کوششیں شروع کردی گئیں۔ ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ متاثرہ شاپنگ مال سے ملحقہ تمام پلازے محفوظ ہیں۔ کوئی شخص جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے نیو چالی میں عابد چیمبر کے گودام میں آگ لگ گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا۔ گزشتہ ماہ نیو چالی کے علاقے میں عابد چیمبر کے گودام میں لگنے والی آگ کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی آگ بجھانے میں مصروف ہوگئی۔