پاکستانی گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے ایک شو کے دوران اپنی نجی زندگی کے نشیب و فراز کے حوالے سے گفتگو کی۔ گلوکارہ حدیقہ کیانی حال ہی میں ایک ویب شو میں شریک ہوئی تھیں جس میں انہوں نے بیٹے کو گود لینے اور دوسری شادی کے حوالے سے گفتگو کی۔ حدیقہ کیانی نے بتایا کہ جب میری پہلی طلاق ہوئی تو اس کے بعد کئی عرصے تک دوسری شادی نہیں کی تھی لیکن اس دوران ایک ایسا شخص تھا جو میری زندگی میں ایک فاصلے تک میرے ساتھ موجود تھا۔ نہوں نےکہا کہ اس وقت میرا دل چاہتا تھا کہ میں ماں بنوں تو میں نے یہ بات اس شخص سے شیئر کی کہ میں کسی بچے کو گود لینا چاہتی ہوں جس کے بعد انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر یہ میری خواہش ہے تو مجھے ایسا ضرور کرنا چاہیے۔ حدیقہ نے بتایا کہ میری دوسری شادی کی وجہ بھی میرا بیٹا ہی بنا کیوں کہ میں چاہتی تھی کہ میرے بیٹے کو باپ کا نام ملے تاکہ بیٹے کو باپ کی سرپرستی نہ ہونے کے باعث پیش آنے والے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بیٹے کو گود لینے کے دو ماہ بعد دوسری شادی کرلی لیکن مختلف مسائل کے باعث یہ تعلق بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکا اور ہم نے علیحدگی اختیار کرلی۔ اس شو کے دوران گلوکارہ نے حکومت سے سنگل مدر بچے کے پاسپورٹ میں بطور سرپرست ماں کا نام شامل کیے جانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ حدیقہ کیانی کا ایک بیٹا نادِ علی ہے جو انہوں نے گود لیا ہوا ہے۔