آزاد کشمیر میں خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہیں، تہمینہ صادق سے گفتگو مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ خواتین کے وارثت ، تعلیم ، صحت اور ملازمت کے حقوق کا تحفظ کر کے قومی ترقی کے عمل میں اُن کی موثر شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ آزاد کشمیر میں خواتین کی ترقی اور اُن کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے استعمال کر نے کے لیے مجموعی طور پر ساز گار ماحول موجود ہے لیکن جو کمی بیشی ہے اُسے دور کیا جائے گا ۔خواتین کی شرکت کے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں، آزاد کشمیر میں خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ویمن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی چیئرپرسن تہمینہ صادق کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقا ت کے دوران کیا۔ اس موقع پر راجہ مظہر وحید ایڈووکیٹ اور ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد رفیق بھی موجود تھے ۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد ریاست میں خواتین تعلیم کے میدان میں مردوں کے برابر اور بعض تعلیمی شعبوں میں مردوں سے بھی آگے ہیں۔