حکومت نے عوام کے لیے 3 نئی فنانس اسکیموں کا اعلان کر دیا

شائع شدہ تاریخ 28 جولائی, 2026
حکومت-نے-عوام-کے-لیے-3-نئی-فنانس-اسکیموں-کا-اعلان-کر-دیا

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں برآمدات کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں برآمدی پیکج کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت برآمد کنندگان کے لیے 3 خصوصی ایکسپورٹ فنانس سبسڈی اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی۔

ای سی سی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ منظور شدہ اسکیموں میں ایکسپورٹ فنانس اسکیم، لانگ ٹرم ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ سہولت اور اضافی برآمدات پر کارکردگی سے مشروط ریبیٹ اسکیم شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہنا تھا کہ ہپ برآمدی پیکج میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے (ایس ایم ایز) کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ ای سی سی نے ان برآمدی اسکیموں کی 6 ماہ بعد کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اجلاس میں انرجی اور دیگر شعبوں سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے جبکہ ای سی سی نے آئی پی پیز سے متعلق عالمی ثالثی مقدمات کے لیے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق بند جینکوز کے پنشنرز کو متعلقہ ڈسکوز کے تحت منتقل کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ رحمان 8 ایس ٹی 3 کنویں کے پب ذخیرے کو ٹائٹ گیس ریزروائر قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ای او بی آئی کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی، جبکہ آر ایل این جی پاور پلانٹس کے لیے مقامی گیس ٹیرف کی منظوری بھی دی گئی۔