تازہ ترین

تندور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا

تندور-مالکان-نے-نان-اور-روٹی-کی-قیمت-میں-از-خود-اضافہ-کر-دیا

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پس پش ڈالتے ہوئے تندور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا۔ لاہور میں بعض تندور مالکان نے روٹی کی قیمت 6 سے بڑھا کر 8 روپے کر دی ہے، وزیر اعلیٰ نے روٹی کی قیمت میں استحکام کی سختی سے ہدایت کی تھی۔ خمیری روٹی کی قیمت 10 روپے سے بڑھا کر 12 سے15 روپے کر دی گئی، بعض تندوروں پر سادہ نان 15 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے، تندور مالکان کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث انھیں روٹی مہنگی کرنی پڑی ہے۔ جمعرات کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں سختی سے کہا تھا کہ کسی کو نان روٹی کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے، اس اضافے کا کوئی جواز نہیں، صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اضافہ کرنے پر کارروائی کرے، انتظامیہ بھی نان روٹی کی مقررہ نرخوں میں دستیابی یقینی بنائے۔ عثمان بزدار نے نان اور روٹی کے نرخوں میں استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر نان، روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، اور زائد نرخ وصول کرنے پر کارروائی ہوگی۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز ہی سے کراچی سے لے کر خیبر پختون خوا تک آٹے کے بحران نے ملک کو جکڑ لیا ہے، اس بحران کے دوران غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے، کرونا وائرس کی وبا نے زور پکڑا تو یہ بحران مزید شدید ہو گیا، اور آٹا مزید مہنگا کر دیا گیا، رواں سال جنوری میں سندھ اور کے پی میں آٹا ہی نایاب ہو گیا تھا۔ کراچی، حیدرآباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت 70 روپے تک جا پہنچی تھی، آٹا بحران کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے بھی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دیا، پشاور میں نان بائیوں نے ہڑتال کا اعلان کیا، ان کا مطالبہ تھا کہ روٹی کی قیمت 15 روپے کی جائے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں