ایران جنگ کے اثرات، فلپائن میں ایندھن بحران کے باعث ایمرجنسی نافذ
شائع شدہ تاریخ 25 مارچ, 2026
عرب میڈیا کے مطابق صدر مارکوس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے بعد پیدا ہونے والے توانائی بحران اور ممکنہ ایندھن قلت کے خطرے کے پیش نظر کیا گیا ہے، ایمرجنسی ایک سال تک نافذ رہے گی۔
فلپائن کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ایندھن، خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا سکیں گے۔
حکام کو تیل کی فوری خریداری، پیشگی ادائیگی اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کے خلاف کارروائی کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔
وزارت توانائی کی سیکریٹری شیرون گارین نے بتایا ہے کہ موجودہ استعمال کے حساب سے فلپائن کے پاس تقریباً 45 دن کا ایندھن ذخیرہ موجود ہے، حکومت ایک ملین بیرل تیل خرید کر اضافی ذخیرہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے تاہم سپلائی میں غیر یقینی صورتِ حال برقرار ہے۔
حکومت نے عوام پر دباؤ کم کرنے کے لیے بعض شہروں میں طلبہ اور ملازمین کو مفت بس سفر کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ موٹر سائیکل، ٹیکسی ڈرائیورز اور پبلک ٹرانسپورٹ ورکرز کو 5 ہزار مالی امداد دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔